Wednesday, 24 February 2016

کویت کی لبنان سے اپنے شہریوں کو نکل جانے کی ہدایت

کویتی لبنان میں سفر کے دوران پیشگی حفاظتی تدابیر اختیار کریں: سفارت خانے کا انتباہ
بیروت میں کویتی سفارت خانے نے اپنے ملک کے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ لبنان سے فوری نکل جائیں اور اس ملک میں غیر ضروری سفر سے بھی گریز کریں۔
سفارت خانے نے بدھ کو جاری کردہ ایک بیان میں کویتیوں پر زوردیا ہے کہ وہ لبنان میں سفر کے دوران پیشگی حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور غیر محفوظ مقامات کی جانب جانے سے گریز کریں۔
بیان میں کویتی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفارت خانے سے رابطے میں رہیں تاکہ انھیں محفوظ اور مامون رکھنے کے لیے ضروری انتظامات کیے جاسکیں۔
سفارت خانے نے لبنان کے سفر پر روانہ ہونے کے خواہاں کویتیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے اس فیصلے پر نظرثانی کریں۔
اس سے ایک روز قبل ہی سعودی عرب اور بحرین نے بھی اپنے شہریوں کو لبنان کے سفر سے گریز کی ہدایت کی تھی اور متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں کے لبنان جانے پر مکمل پابندی عاید کردی تھی۔
 سعودی حکومت نے اس ملک میں موجود اپنے شہریوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ جلد سے جلد وہاں سے واپس آجائیں۔
سعودی عرب نے سوموار کے روز لبنان کے لیے قریباً چار ارب ڈالرز کی فوجی امداد معطل کردی تھی اور اس فیصلے کا جواز یہ پیش کیا تھا کہ بیروت سعودی مملکت کی شیعہ ایران کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران حمایت میں ناکام رہا ہے اور اس نے تہران میں سعودی سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پر مشتعل ایرانی مظاہرین کے حملے کی بھی مذمت نہیں کی تھی۔
سعودی عرب کے اس فیصلے کے بعد خلیج تعاون کونسل میں شامل چار عرب ریاستوں نے اپنے شہریوں کے لیے سفری انتباہ جاری کیا ہے اور انھیں لبنان نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔
ان ممالک کے اس فیصلے سے لبنان کی سیاحت کی صنعت منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

No comments:

Post a Comment