Tuesday 30 January 2018

ایران کے مختلف شہروں میں حکومت کے خلاف دوبارہ مظاہرے : فوٹیج

ایران کے مختلف شہروں میں چند روز کے وقفے کے بعد حکومت کے خلاف دوبارہ احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔
انٹرنیٹ کے ذریعے منظرعام پر آنے والی فوٹیج کے مطابق ایران کے جنوبی شہر بندر عباس ، وسطی صوبے اصفہان کے شہر نجف آباد ، جنوب مشرقی شہر کرمان اور صوبہ فارس کے وسطی شہر شیراز میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔
بندر عباس میں احتجاجی مظاہرے کے دوران مظاہرین نے دوسرے شہریوں سے احتجاجی تحریک میں شامل ہونے پر زور دیا۔
شیراز میں مظاہرین نے ’’مرگ بر آمر ‘‘کے نعرے لگائے ۔واضح رہے کہ ایران کے شہروں میں حالیہ احتجاجی مظاہروں کے دوران میں یہی نعرہ سب سے زیادہ بلند کیا جاتا رہا ہے اور آمر سے ان کی مراد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای ہیں۔
نجف آباد میں احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے رجیم کے خلاف نعرے بازی کی۔کرمان میں مظاہرین نے سکیورٹی فورسز پر زور دیا کہ وہ تشدد کے ذریعے ان کی تحریک کو دبانے کی کوشش نہ کریں بلکہ وہ پُرامن مظاہروں کی حمایت کریں۔