خلیجی ریاست بحرین کی پولیس نے ملک میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والی ایرانی حمایت یافتہ ایک دہشت گرد تنظیم کے درجنوں عناصر کو حراست میں لے کر دہشت گردی کی کئی نہایت خطرناک سازشیں ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
بحرین میں العربیہ نیوز چینل کے نامہ نگار نے پولیس ذرائع کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ حال ہی میں سیکیورٹی حکام نے انتہائی خطرناک اور مہلک دھماکہ خیز مواد قبضے میں لینے کے ساتھ ایک دہشت گرد تنظیم کے 47 عناصر کو بھی پکڑا ہے جو ملک میں امن وامان تباہ کرنے کی سازشوں میں مصروف تھے۔
بحرینی پولیس کا کہنا ہے کہ شہروں سے دور مختلف دیہاتوں میں چھاپوں کے دوران دہشت گرد تنظیم کے ٹھکانوں سے آتشیں اسلحہ، گولہ بارود کی بھاری مقدار قبضے میں لی گئی ہے۔ شہروں سے دور دہشت گردوں کے ٹھکانوں میں چھپائے گئے اسلحہ کےعلاوہ بارود تیار کرنے والی ایک فیکٹری بھی پکڑی گئی ہے جس میں خام حالت میں بارود کی غیرمعمولی مقدار رکھی گئی تھی۔
دہشت گردوں سے ٹھکانوں سے ملنے والے بارودی مواد اور اسلحہ میں رائفلیں، گولیاں، C4 نامی ایک خطرناک بارودی پاؤڈر، TATP نامی بارود، یوریا نائیٹریٹ، نیٹرو سلیلوز، بارود کے پائپ اور بکتر بند گاڑیوں کو نشانہ بنانے والے بم شامل ہیں۔
بحرینی حکام کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے دہشت گردوں کے ایرانی خفیہ اداروں کے ساتھ رابطوں کا پتا چلا ہے۔ ان میں سے بعض دہشت گردوں کو ایران میں عسکری تربیت، اسلحے کے استعمال کے طریقے سکھائے گئے اور انہیں اسلحہ بھی مہیا کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ بحرین کی جانب سے ملک میں جاری دہشت گردی کے واقعات کے پس پردہ ایران کی مداخلت کا الزام عاید کیا جاتا رہا ہے۔ بحرین میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں ملوث کسی گروپ کی گرفتاری کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ حالیہ چند مہینوں کے دوران بحرینی پولیس اور انٹیلی جنس اداروں نے ایسی کئی سازشیں ناکام بناتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لیا ہے۔

No comments:
Post a Comment