Thursday, 1 February 2018

حوثی باغیوں کے پاس ایرانی میزائلوں کی موجودگی کے ٹھوس ثبوت ہیں: برطانیہ

برطانیہ نے واضح کیا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کے پاس ایرانی ساختہ میزائلوں کی موجودگی کے ناقابل تردید اور ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
’العربیہ‘ کے مطابق اقوام متحدہ میں برطانیہ کے نائب مندوب جوناتھن آلن نے ’ٹوئٹر‘ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا کہ اب اس میں کوئی شک باقی نہیں رہا کہ یمن کے حوثی باغی ایرانی ساختہ میزائل اور ہتھیار استعمال کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حوثیوں کے پاس موجود میزائلوں کے’کی بورڈ‘ فارسی میں، ان پر لکھا کارخانے کا نام ایرانی اور ماڈیولر ویلڈنگ میتھڈ بھی ایرانی ہے۔
جوناتھن آلن کا کہنا تھا جس طریقے سے میزایلوں کے ماڈیولر ویلڈنگ کا طریقہ کار وضع کیا گیااس سے واضح ہوتا ہے کہ میزائلوں کھول کر اسپئرپارٹس کی شکل میں یمن پہنچایا جاتا ہے۔ بعض میزائلوں پر 2015ء کی تاریخ درج ہے۔ اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ یمنی باغیوں کو اسلحہ کی فراہمی پابندیاں عاید ہونے کے بعد بھی جاری ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں عرب اتحادی فوج نے یمن میں ایک کارروائی کے دوران الجوف گورنری کے یتمہ شہر سے ایرانی ساختہ ’زلزال‘ میزائل قبضے میں لیے تھے۔
العربیہ کے نامہ نگار کے مطابق حوثیوں کے ٹھکانوں سے 13 زلزال ایرانی میزائل، بارودی سرنگیں اور دیگر اسلحہ اور گولہ بارود بھی ملا ہے۔

No comments:

Post a Comment